پچھلی حکومت کا غیر ملکی بچتوں پر انحصار رہا

May 20, 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پچھلی حکومت کا غیر ملکی بچتوں پر انحصار رہا ، جی ڈی پی کے فیصد میں کم سرمایہ کاری اور بچت کی شرح نے اس اقدام پر مجبور کیا ۔

تفصیلات کے مطابق مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے فیصد میں کم سرمایہ کاری اور بچت کی شرح نے پی ٹی آئی کی قیادت والی پچھلی حکومت کو موجودہ مالی سال کے لیے 6 فیصد کی ʼاعلیٰ لیکن غیر پائیدار شرح نمو کو تقویت دینے کیلئے غیر ملکی بچتوں پر انحصار بڑھانے پر مجبور کیا۔

حکومت مہنگائی کو مطلوبہ ہدف کے اندر روکنے میں بھی ناکام رہی جیسا کہ رواں مالی سال کے لیے سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد کے مطلوبہ ہدف کے مقابلے پہلے دس مہینوں (جولائی تا اپریل) کی مدت میں یہ 13.3 فیصد تک بڑھ گئی۔

نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی (این اے سی) کے منظور شدہ ورکنگ پیپر کے مطابق پاکستان جی ڈی پی کی نمو کو بڑھانے کے لیے کھپت پر انحصار کرنے کی وجہ سے خطے میں سب سے زیادہ گر رہا ہے۔