ٹریفک حادثات و واقعات میں بچی سمیت 4 افراد جاں بحق، حب ندی اور سمندر میں 3 افراد ڈوب گئے

May 23, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات وواقعات میں بچی سمیت 4 افراد جاں بحق،حب ندی اور سمندر میں3افراد ڈوب گئے،تفصیلات کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود شہید ملت انڈر بائی پاس کے قریب ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ٹریفک حادثے میں بیوی جاں بحق اور اسکا شوہر شدید زخمی ہوگیا، اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور خاتون کی لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں متوفیہ کی شناخت 23سالہ صفاءکے نام سے ہوئی جبکہ زخمی شوہر عزیز کو طبی امداد جارہی ہے ، پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتار کار کے سڑک کے کنارے کھڑےریتی بجری سے بھرے ڈمپر سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا ،پولیس نے ڈمپر کوتحویل میں لے لیا ہے، پولیس کے مطابق متوفیہ کے اہلخانہ نے بتایا کہ تین ماہ قبل ہی صفاءکی شادی ہوئی تھی ،ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے مشرف کالونی میں ٹریفک حادثے میں بچی سمیت تین افراد زخمی ہوگیے،زخمیوں کی شناخت 6 سالہ ہانیہ دختر ساجد ، 22 سالہ نسیم امداد اوراسکی والدہ نسرین شامل ہیں ، غازی گوٹھ میں زیر تعمیر عمارت سے گر کر مزدور 30سالہ صدام حسین جاں بحق ہوگیا ، لانڈھی اے ٹی نائن کے قریب گھر کے اندر تین سالہ بچی فاطمہ دختر بلال جاں بحق ہوگئی ، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں اہل خانہ نے بتایا کہ فاطمہ کا گھر کے اندر کھیلتے ہوئے اچانک سیڑھیوں سے پائوں سلپ ہونے سے نیچے جاگری جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی ، گلستان جوہر کے علاقے بھٹائی آباد میں واقع گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے 50 سالہ ندیم جاں بحق ہوگیا ،دریں اثنا ہاکس بے کے ساحل پر خاتون سمیت 2 افراد ڈوب گئے جنہیں نیم بہوشی کی حالت میں نکال کر سول اسپتال منتقل کیا گیا ،ماڑی پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالرحیم گوٹھ کے سامنے سمندر میں 60سالہ فاطمہ زوجہ عبدالرحیم اور سینڈپٹ پر نہاتے ہوئے 16سالہ ثاقب یوسف ڈوب گیا ، ایدھی کے غوطہ خوروں نے دونوں مقامات پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد دونوں کو نیم بہوشی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں اب انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے،علاوہ ازیں حب ندی میں ڈوب کر 30سالہ طارق ولد عبدالعزیز جاں بحق ہوگیا ، واقعے کی اطلاع پر ریسکیو ادارے کی بحری خدمات کی ٹیم نے موقع پر پہنچی کر لاش نکال کر ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی ، متوفی بلدیہ ٹائون کے علاقے مواچھ گوٹھ کا رہائشی تھا۔