کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کی جھاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی ، آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل دور سے دکھائی دے رہے تھے جبکہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ، کے ایم سی فائر بریگیڈ کا حکام کا کہنا ہے کہ آگ جامعہ کراچی کی چار دیواری کے اندر جھاڑیوں میں لگی تھی ، چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے 6 فائر ٹینڈرز کی مدد سے 2 گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پاتے ہوئے اسے آبادی کی جانب بڑھنے سے روک دیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، واٹر کارپوریشن کی جانب سےواٹر ٹینکروں کے ذریعے پانی بھی فراہم کیا گیا ، مبینہ ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ آگ کی اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو اپنے گھیرے میں لیکر غیر متعلقہ افراد کو وہاں سے دور ہٹایا تاکہ امدادی کاروائیوں کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔