سیاسی حالات کا سایہ ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز پر پڑنے کا خدشہ

May 25, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک میں جاری سیاسی بحران کا سا یہ پاکستان ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز پر پڑنے کا خدشہ ہے،اسکے مستقبل کے لئےاگلے دو سے تین دن اہم ہیں۔ تاہم سیریز کو ملتوی کرنے کی باتیں قبل از وقت ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ پنڈی میں میچ رکھے گئے ہیں جبکہ بیک اپ پلان کے لئے ملتان میں تیاری مکمل ہے۔ بورڈ نے سیریز کے مستقبل کے حوالے سے حکومت اور ملتان ضلعی انتظامیہ سے رہنمائی مانگی ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز پروگرام کے مطابق ہوگی، سیریز کو وزارت داخلہ نے وی وی آئی پی کا درجہ دیا ہے۔ پی سی بی نے کرکٹ ویسٹ انڈیز سے بھی رابطہ کیا ہے کیوں کہ پی سی بی خود یہ سیریز ملتوی نہیں کرسکتا۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے حتمی جواب آنے کے بعد فیصلہ ہوگا لیکن پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز ملتوی ہونے کی اس وقت تک کوئی بات نہیں ہے۔ ویسٹ انڈین ٹیم کی فلائٹ بک ہونا ہے۔ اگر پنڈی میں میچ نہیں ہوتے تو ٹیم دبئی سے ملتان پہنچے گی۔ مہمان ٹیم نے پانچ جون کو پاکستان پہنچنا ہے۔ پی سی بی کو حکومت کی جانب سے حتمی جواب کا بھی انتظار ہے جس کے بعد ملتان میں ہوٹل کی بکنگ ہوگی اور براڈ کاسٹرز نے اپنا بھاری سامان بھی پہنچانا ہے۔ پنڈی میں لانگ مارچ کی وجہ سے پی سی بی نے بیک اپ کے لئے ملتان وینیوز کی نشاندہی کی تھی۔