ریٹائرڈ جرنیلوں، ججوں، سول بیورو کریٹس کی دوبارہ ملازمتوں پر پابندی کا بل مسترد

May 25, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) ریٹائرڈ جرنیلوں، ججوں اور سول بیورو کریٹس کی دوبارہ ملازمتوں پر پابندی عائدکرنے کابل حکومت نے مسترد کر دیا۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں سول سرونٹ ایکٹ 1973میں ترمیم کا بل قادر مندو خیل نے پیش کیا۔رکن قومی اسمبلی قادر مندو خیل نے بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں چار سالوں میں حکومت نے ایک بھی ملازمت نہیں دی۔مشرف دور میں اداروں میں 600سے زائد ججز، جرنیلوں اور سول بیورو کریٹس کودوبارہ ملازمتیں دی گئیں جب حاضر سروس جج کو پتہ ہوگا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت مل جانی ہے تو وہ انصاف کیسے کر پائے گا۔ پڑھے لکھے نوجوان ملازمتوں کے حصول کیلئے پھر رہے ہوتے ہیں اور یہاں ریٹائر افسران کو دوبارہ بھرتی کر لیا جاتا ہے۔ بل کی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے مخالفت کر دی، انہوں نے کہا کے یہ ممکن نہیں اس سے حکومت کیلئےپیچیدگی پیدا ہوگی ۔اس سے تجربہ کار لوگوں کی قلت پیدا ہو جائے گی۔ حکومت کی جانب سے بل کی مخالفت پر بل مسترد کر دیا گیا۔