شہید صحافی قتل کیس کی سماعت گواہان کی عدم موجودگی پر ملتوی

May 28, 2022

کوئٹہ(این این آئی)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کے روبرو شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت مقتول صحافی عبدالواحد رئیسانی شہید کے بھائی اسفند یار رئیسانی ان کے وکیل سینئر قانون دان وسابق سینیٹر ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ کی جانب سے محمد کبیر بڑیچ ایڈووکیٹ دیگر وکلاء کے ہمراہ عدالت کے رو برو پیش ہوئے، دوران سماعت بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری منظور احمد رند ، شعیب رئیسانی و دیگرصحافی بھی عدالت میں موجود تھے۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IX نے پولیس گواہان کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 4 جون تک ملتوی کرنے کے احکامات دیئے۔ سماعت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری منظو راحمد رند نے کہا کہ بی یو جے بلوچستان کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہونے کے ناطے شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے خاندان کو انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہد کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل میں پولیس کی جانب سے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیاجن کا عدالتی ٹرائل ہورہا ہے، کیس میںنامزد ایک ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا جوصحافتی حلقوں اور متاثرہ خاندان کیلئے تشویش کا باعث ہے اس سلسلے میں بی یو جے نے ڈی آئی جی کوئٹہ سید فدا حسن شاہ سے رابطہ کیا ہے جنہوں نے مقدمہ میں نامزد مفرور ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے، جلد اس سلسلے میں ڈی آئی جی کوئٹہ سید فدا حسن شاہ سے ملاقات کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ واحد رئیسانی کے قتل میں مفرور ملزم سمیت دیگر شہید ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف بی یو جے دیگر صحافتی تنظیموں کے ساتھ ملکر نہ صرف بلوچستان بلکہ ملکی سطح پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔