انسداد منشیات، یو این او ڈی سی کا تیسرے مرحلے کااعلان

June 04, 2022

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار ) اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسدادِ منشیات و جرائم پاکستان نےاپنے کنٹری پروگرام کے دوسرے مرحلے (2021-2016) کی کامیابیوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے (2025-2022) تیسرے مرحلے کے پروگرام کا با ضابطہ اعلان کر دیا ۔ اس ضمن میں جمعہ کو نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کیلئے کنٹری پروگرام کا اعلان کیا گیا ۔ وزارتِ انسدادِ منشیات کے قائم مقام وفاقی سیکرٹری بینو سکندر جلال نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کے پیچیدہ عمل اور اس کے بین الاقوامی روابط کے پیش نظر کوئی بھی ملک یہ جنگ تنہا نہیں جیت سکتا۔ عالمی برادری کی مسلسل کوششیں ہی منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمہ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ یو این او ڈی سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر غادا ولی نے اپنے وڈیو پیغام میں ان تمام پارٹنرز کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان میں یو این او ڈی سی کی مدد کر رہے ہیں ۔پاکستان میں یو این او ڈی سی کے کنٹری ریپریزنٹیٹو ڈاکٹر جیریمی ملسم نے پاکستان کے لئے تجویز کئے گئے چار ترجیحی شعبوں پر روشنی ڈالی۔ یو این او ڈی سی پاکستان کے خیرسگالی سفیر شہزاد رائے نے کہا کہ یو این او ڈی سی کی یہ تمام سرگرمیاں پاکستان کو زیادہ محفوظ ملک بنانے کے مقصد کے ساتھ جڑی ہیں۔