راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ باالجبر ،چوری ،قفل شکنی اور راہ زنی کی وارداتوں میں شہری 4گاڑیوں ،23 موٹر سائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز،نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے ، تھانہ سٹی کے علاقہ شاہین چوک میں 2موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر محمد عادل سے 8لاکھ روپے ،تھانہ صادق آباد کے علاقہ صادق آباد چوک میں 2نامعلوم ملزمان سواریوں کے روپ میں اسلحہ کی نوک پر محمد اعظم کا موٹر سائیکل ،موبائل اور چارسوروپے،تھانہ نصیرآباد کے علاقہ احسان ٹاؤن میں 4نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر محمد افضل حسین سے موٹر سائیکل ہنڈا125،موبائل اور 15ہزار 500 روپے،تھانہ ریس کورس کے علاقہ محلہ ملتانی میں ایم ایس پی کمپنی کے مبین بخش اور ڈرائیور محمد عمران سے اسلحہ کی نوک پر 2موٹرسائیکل سوار 20ہزار روپے، رجسٹریشن بک،اے ٹی ایم کارڈ، شناختی کارڈ،سروس کارڈ،ای اوآئی بی کارڈ ،میڈیکل کارڈو دیگر کاغذات اورموبائل فون ،تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ روز گارڈن پارک کے قریب 2موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر حامد محمود سے موٹر سائیکل ہنڈا125 اور موبائل فون ،تھانہ مورگاہ کے علاقہ سی این جی روڈ پر نامعلوم لڑکا زبردستی نسرین بی بی کے بیٹے بعمر 15 سال سے موٹر سائیکل ،تھانہ دھمیال کے علاقہ بنک کالونی مصریوٹ ڈیم کے قریب 2موٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پر عامر شہزاد سے 80 ہزار روپے، موٹرسائیکل کی کاپی وغیرہ چھین کرفرار ہوگئے ۔