انسائیکلوپیڈیا: پانڈا

July 02, 2022

پیارے بچو ! پانڈا آپ نے ٹی وی پر یا تصاویر میں دیکھا ہوگا۔ پاکستان میں تو یہ جانور نایاب ہے۔ چین میں یہ بکثرت پایا ہے۔ آج ہم آپ کو اس کے بارے میں کچھ باتیں بتاتے ہیں۔

پانڈے کا شمار انتہائی خوبصورت جانوروں میں کیا جاتا ہے۔ پانڈہ چین کا قومی جانور ہے۔ یہ صرف بانس کی چھوٹی ٹہنیوں اور پتوں پر گزارہ کرتے ہیں۔ پانڈا کا تعلق ریچھ کے خاندان سے ہے۔ اس کا دماغ، جگر اور گردے ریچھ کے مقابلے میں نسبتاً چھوٹے ہوتے ہیں۔

نرم و ملائم پیارے سے معصوم جانور کی عجیب و غریب اور معصومانہ حرکتوں پر بہت پیار آتا ہے لیکن اس سے ہوشیار بھی رہنا پڑتا ہے کیوں کہ اس کے پنجے اور دانت دونوں ہی تیز ہوتے ہیں۔ پانڈا ایک شرارتی جانور ہے۔

یہ دیکھنے میں ایک موٹا سا اور سست سا جانور نظر آتا ہے لیکن بہت ہی تیز جانور ہے۔ درختوں پر منٹوں میں چڑھ جاتا ہے اور ایسی جگہوں پر رہائش رکھنا پسند کرتا ہے جہاں بومبو کثرت سے پائے جاتے ہوں۔ بومبو، گنا نما بانس کے پودوں کی ایک قسم ہے۔ اس کے علاوہ پانڈا مچھلی، کیک، بسکٹ، کیلا، تربوز اور انڈے بھی شوق سے کھاتا ہے۔ پانڈا ایک تنہائی پسند جانور ہے۔ وہ الگ تھلک رہتا ہے۔