کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ، بڑے اسپتالوں میں قائم کورونا وارڈز فعال رکھنے کی ہدایت

June 30, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے صوبے میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر سندھ کے بڑے اسپتالوں میں قائم کورونا وارڈز کو ہر صورت فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے، جناح، سول، ڈاؤ، لمس اور دیگراسپتالوں میں قائم کورونا وارڈز میں وینٹی لیٹرز اور آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ، صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس بدھ کو انکے آفس میں منعقد ہوا، اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 248 کورونا مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 24گھنٹوں میں 4582 ٹیسٹ کئے گئے، مثبت کیسز کہ شرح 5.4 فیصد رکارڈ کی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت صوبے میں 2947کورونا کے ایکٹو کیسز ہیں جن میں 2908افراد ہوم آئسولیشن میں جبکہ 39افراد اسپتال میں زیرعلاج ہیں، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث اموات کی تعداد ایک ریکارڈ کی گئی اور 9افراد کو ہسپتال میں داخل کیا گیا، کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.21فیصد، حیدرآباد میں 0.16فیصد جبکہ سندھ کے باقی اضلاع میں شرح 0.68فیصد رکارڈ کی گئی ہے، اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سندھ میں 12 سال سے زائد عمر کی ٹارگیٹڈ 34.27ملین آبادی کو کرونا کے دونو ڈوزز لگائے جا چکا ہیں، مجموعی طور پر اب سندھ میں 34.66ملین آبادی کو کرونا ویکسین کے دونوں ڈوزز لگائے گئے ہیں۔ سندھ میں 2ڈوزز لگوانے والوں کی مجموعی شرح 101فیصد ہے جبکہ اب تک سندھ میں 10ملین افراد بوسٹر ڈوز لگوا چکے ہیں بوسٹر کوریج کیلئے سندھ میں گھر گھر کرونا ویکسین کے 3 مرحلے بھی مکمل کئے گئے ہیں، کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبے بھر میں کرونا کیلئے 571وینٹیلیٹرز کی سہولت موجود ہے، اس کے علاوہ ہائے ڈپیڈنسی یونٹ اور کرونا وارڈز بھی موجود ہیں۔