مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی

July 01, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور2زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاپوش نگر گورنمنٹ بوائز اسکول کے قریب گزشتہ روز ایک شخص کی لاش برآمدہوئی ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوعملہ موقع پر پہنچ گیا اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ، پولیس کا کہنا ہےکہ 40سالہ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے سر پر گولی مار قتل کیا اورلاش مذکورہ مقام پر پھینک فرار ہوگئے،لاش کے قریب سے پولیس نے نائن ایم ایم پستول کا کافی پرانا زنک آلود خول ملاہے لیکن پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کو کسی اور ہتھیار سے قتل کیا اور پرانا خول ڈال کر پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ، تاہم مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ، وہ پینٹ شرٹ میں ملبوس تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سرد خانے منتقل کردی۔ کورنگی تھانے کی حدود کورنگی کراسنگ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 45 سالہ محمد علی زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل گیا گیا ، پولیس کے مطابق محمد علی سے نامعلوم افراد اسلحے کے زور پر لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران اس نے مزاحمت کی توملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے ، علاوہ ازیں کورنگی کے علاقے میں کریک اسپتال کے قریب2سیکیورٹی گارڈز کے درمیان جھگڑا ہوگیا ، اس دوران ایک سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کردی جس سے 28سالہ یار محمد ولد ددوست محمد زخمی ہوگیا ، جسےجناح اسپتال منتقل کیا گیا ، و ملزم فرار ہوگیا ، پولیس مزیدتفتیش کررہی ہے۔