خانپور‘ عوام ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ٹرینوں کی آمد و رفت معطل

July 01, 2022

ملتان ‘رحیم یارخان (نمائندگان جنگ)پشاور سے کراچی جانیوالی عوام ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اترگئیں، ٹرینوں کی آمدورفت معطل،حادثہ مبینہ طورپر کانٹا تبدیل کرنے کے دوران جام ہونے سے پیش آیا تفصیل کے مطابق عوام ایکسپریس جمعرات کی صبح 7بجے کے قریب خان پور پہنچی ،سٹیشن پر سٹاپ ہونے کے باعث ٹرین کم رفتار تھی ٹرین جیسے ہی سٹیشن کی حدود میں اسےلوپ لائن نمبر3پر لیا گیا تو انجن اور اس کے ساتھ منسلک ایک بوگی پاس ہوگئی جب کہ اس کے پیچھے تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،جس سے ڈاؤن ٹریک بلاک ہوگیا،بعدازاں ریسکیو ٹرک کی مدد سے متاثرہ بوگیوں کو ٹرین سے الگ کردیا گیا ، ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی، اطلاع ملنے پر ریلوے حکام کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کیلئے ریلیف ٹرینیں موقع پر روانہ کردی گئیں، اسی طرح گرین لائن ایکسپریس کوسہجہ اسٹیشن اورشاہ حسین ایکسپریس جیٹھہ بھٹہ سٹیشن پر روک دیاگیا، واقعہ کے باعث عوام ایکسپریس خان پور سٹیشن پر 2گھنٹے تک رکی رہی ، مسافروں کو شاہ حسین ایکسپریس میں منتقل کرنے کے بعد منزل کی جانب روانہ کردیاگیا،جبکہ متاثرہ ہونے والے ریلوے ٹریک کی مرمت کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔،ریلوے انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم د ے دیاہے۔