یوکرین کا شاپنگ مال پر روسی حملے کی تفتیش کا مطالبہ

July 02, 2022

کیف(نیوزڈیسک) یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک شاپنگ مال پر روس کے حالیہ حملے کی تفتیش کرے۔ صدر زیلنسکی نے گزشتہ شام سلامتی کونسل سے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ یوکرینی صدر نے روس سمیت تمام پندرہ رکن ممالک سے کہا کہ وہ اس حملے کے متاثرین کے احترام میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کریں۔ انہوں نے روس کو سلامتی کونسل سے خارج کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاہم روس اس کو ویٹو کرنے کا حق رکھتا ہے۔ دوسری جانب روسی نائب سفیر نے یوکرینی صدر کی اس تقریر کو نیٹو ممالک سے مزید ہتھیار حاصل کرنے کا بہانہ قرار دیا ہے۔ شاپنگ مال حملے میں کم از کم سولہ افراد مارے گئے تھے۔انہوںنے کہا کہ روسی پیش قدمی کو روکنے کیلئے مزید جدید ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یوکرین کو اربوں ڈالر کے خسارے کا سامنا ہے اور اپنے دفاع کے لیے ماہانہ 5 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ خبرایجنسی کے مطابق یوکرینی صدر نے نیٹو کے رکن ملکوں پر زور دیا کہ روس پر مزید پابندیاں لگائی جائیں۔