فیفا ورلڈکپ میں آف سائیڈ کیلئے ٹیکنالوجی استعمال کرنیکا اعلان

July 02, 2022

لوزان (جنگ نیوز) فیفا نے رواں برس فٹبال ورلڈکپ میں سیمی آٹومیٹک سائیڈ ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹورنامنٹ کی آفیشل گیند میں بھی جدید سینسر لگائے جائیں گے۔ نئی ٹیکنالوجی میں گیند کو ٹریک کرنے اور کھلاڑی کی بالکل درست پوزیشن معلوم کرنے کیلیے اسٹیڈیم کی چھت کے نیچے نصب 12 مخصوص ٹریکنگ کیمروں کو بروئے کار لایا جائے گا۔ اگر پلیئرز آف سائیڈ ہو تو وی اے آر کو کنٹرول روم میں خودکار طریقے سے پیغام مل جائے گا، ویڈیو ریفری میدان میں سگنل بھیجنے سے قبل اس کی مینول طریقے سے جانچ کریگا، تسلی کرنے کے بعد ریفری کو فائول سے آگاہ کیا جائے گا۔دریں اثنا فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے قطر ورلڈ کپ کے بقیہ ٹکٹس اگلے ہفتے سے ’پہلے آؤ، پہلے پاؤ‘ کی بنیاد پر فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ البتہ یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے ٹکٹس دستیاب ہونگے۔ فیفا کے مطابق پہلے دو مرحلوں میں تقریباً 18 لاکھ ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔