سہراب گوٹھ، پولیس مقابلے میں ملزم ہلاک، اسلحہ برآمد

July 03, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سہراب گوٹھ پولیس نے اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث ملزم کو مقابلے میں ہلاک کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے انڈس پلازہ گرائونڈ کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جو بعد ازاں دوران علاج دم توڑ گیا۔ہلاک ملزم کی شناخت امین اللہ عرف گھانو ولد میر عالم کے نام سے ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ ملزم انڈس پلازہ گرائونڈ پر واردات کی نیت سے گھوم رہا تھا کہ گشت پر مامور سہراب گوٹھ پولیس نے ملزم کو چیکنگ کیلئے روکا،ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی ،دو طرفہ فائرنگ کے بعد ملزم کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جو بعد ازاں ہلاک ہو گیا،ہلاک ملزم کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ ایک پستول بمع رائونڈ، لوڈ میگزین برآمد کیا گیا ہے۔