بحریہ ٹاؤن اور شنگھائی الیکٹرک میں ٹرانسمیشن لائن تنصیب کا معاہدہ

July 03, 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین کے وژن کے عین مطابق بحریہ ٹائون اور شنگھائی الیکٹرک کے درمیان 220کلو واٹ ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا معاہدہ ہو گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل پر بحریہ ٹائون کا تعمیر کردہ دو سو بیس کلو واٹ گرڈ اسٹیشن نیشنل گرڈ سے منسلک ہو جائیگا۔ ملکی تاریخ میں بحریہ ٹائون پہلا پرائیویٹ ہائوسنگ ادارہ ہے جس کی جانب سے بین الاقوامی شہرت یافتہ الیکٹرک کمپنی سے یہ معاہدہ طے پایا ہے۔ جمعہ کی دوپہر معاہدے پر پروقار تقریب میں دستخط کئے گئے۔ بحریہ ٹائون اور شنگھائی الیکٹرک کے افسران اور دوسری شخصیات کی موجودگی میں معاہدہ ہوا جس کے تحت اگلے بیس ماہ میں مکمل ہونے والے اس معاہدے کے تحت شنگھائی الیکٹرک دو سو بیس کلو واٹ ڈبل سرکٹ کوآرڈینڈل ٹرانسمیشن لائن منصوبے کی تکمیل کیلئے کام کریگا۔ منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی بحریہ ٹائون کراچی میں موجودہ جدید ترین دو سو بیس کلو واٹ گرڈ اسٹیشن نیشنل گرڈ سے منسلک ہو جائیگا۔ اس ٹرانسمیشن لائن کی کل لمبائی پونے تیرہ کلو میٹر ہو گی اور یہ بحریہ ٹائون کراچی کے دو سو بیس کلو واٹ جی آئی ایس گرڈ اسٹیشن کو موٹر وے ایم نائن پر موجود کے الیکٹرک ٹرانسمیشن لائن کے 220کلو واٹ پپری کے ڈی اے سے جوڑ دیگی۔ ٹرانسمیشن لائن کے الیکٹرک کی جانب سے مقرر کردہ جدید ترین دو سو بیس کلو واٹ مونوپول سسٹم کے تحت لگائی جا رہی ہے جو کہ پاکستان بھر میں پہلی دفعہ کے الیکٹرک میں ہی استعمال کئے جا رہے ہیں۔ شنگھائی الیکٹرک پاور سپلائی ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ ایک سرکاری ادارہ ہے جو کئی سالوں سے ٹاپ دو سو پچیس انٹرنیشنل کنٹریکٹرز کی فہرست میں شامل ہے۔ کمپنی کئی ہزار مختلف نوعیت کے پراجیکٹس مکمل کر چکی ہے جن میں کویت‘ ایتھوپیا‘ سری لنکا‘ جبوتی میں خاص ٹرانسمیشن لائن سے متعلق پراجیکٹس شامل ہیں۔ بحریہ ٹائون کو ایشیاء کی سب سے بڑی اور جدید ہائوسنگ سوسائٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور اب یہ ساڑھے تین سو میگا واٹ بجلی کی ترسیل کو ممکن بنانے والا پاکستان کا واحد اور پہلا نجی ادارہ بھی ہے جس نے ایسے میگا پراجیکٹ کا بیڑہ اٹھایا۔