رحیم یار خان سے کراچی آکر پوش علاقوں میں ڈکیتی کرنے والا گروپ گرفتار

July 04, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) درخشاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیفنس کے علاقے میں بنگلوں کی نقب زنی کی وارداتیں کرنے والے گینگ کے 5 مبینہ کارندوں کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے بڑی مقدار میں لاکھوں روپے مالیت کے چوری شدہ زیورات، قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ اتوارکوایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ سائوتھ عمران خان کے مطابق گرفتار ملزمان میں سخاوت گوپانگ، عابد ایندھڑ، شہباز خان ایندھڑ، کامران ایندھڑ اور عمران ایندھڑشامل ہیں۔گرفتار ملزمان رحیم یار خان کے کچے کے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، کرائم کے لئے معلومات کے حصول اور وارداتوں کیلئے ڈی ایچ اے کے بنگلوں میں باورچی، ڈرائیور، مالی وغیرہ کے طور پر ملازمت کرتے ہیں۔ ملزمان موقع ملنے پر اپنے کام اور رہائش کی جگہ کے ارد گرد کے گھروں میں رہائش پذیر افراد کی غیر موجودگی میں بند گھروں سے نقب زنی کی وارداتیں کرتے تھے ۔پولیس نے ملزمان سے مزید تفتیش کاآغاز کردیا ہے۔