تبدیلی کا خواب دکھانے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا،مسلم لیگ ن

July 04, 2022

کوئٹہ ( پ ر ) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو روشن مستقبل کی طرف جو معاشی اقدامات اٹھائے ہیں اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے ، سابق حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک آج بدترین معاشی مسائل سے دوچار ہے جنہیں حل کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں ،مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں فعال اور منظم ہورہی ہے اور آنے والے عام انتخابات میں پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی کارکن مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔ یہ بات انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت میں کہی۔ انہو ں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے اپنے دور میں کئے گئے غیر ملکی معاہدوں کے باعث موجودہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا ہے، معاشی حالات کے باوجود وزیر اعظم شہباز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، بہت جلد بحران پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی یہ جان گئی ہے کہ ان کو تبدیلی کا خواب دکھانے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ۔ترقی کی طرف بڑھتے ہوئے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ،تین سال میں انہوں نے اس قدر مہنگائی کی کے عوام ایک وقت کی روٹی کو ترس گئی۔چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ( ن) فعال اور منظم ہورہی ہے اور جلد ہی اہم سیاسی شخصیات مسلم لیگ (ن ) میں شمولیت کریں گے ۔