نادرا نے ملک بھر کی 150 سیاسی جماعتوں کو مدعو کر لیا

July 04, 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) نادرا نے ملک بھر کی تمام ڈیڑھ سو سیاسی جماعتوں کو انتخابی فہرستوں پر اپنی آراء دینے کیلئے مدعو کر لیا۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے اپنے دعوت نامے میں ڈیڑھ سو سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو نادرا ہیڈ کوارٹرز میں اگلے عام انتخابات کیلئے حتمی انتخابی فہرستوں کی تیاری میں اتھارٹی کے کردار پر ایک سیشن میں مدعو کیا ہے۔

اس پیشرفت سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین نادرا طارق ملک نے ان سیشنز کو منعقد کرنے اور تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کرنے کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو پہلے آگاہ کیا جنہوں نے طارق ملک کے اس اقدام کو سراہا‘ اور اُن کو بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نادرا کی جانب سے منعقد ہونے والے اجلاسوں میں اپنا نمائندہ بھی بھیجے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایک غیر معمولی اقدام نے چیئرمین نادرا نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو ایک خط لکھا ہے کہ وہ ایک انٹر ایکٹو سیشن میں سوالات اور تحفظات پیش کرنے کیلئےنمائندے نامزد کریں۔

انتخابی فہرستوں کے حوالے سے ملکی سیاسی جماعتوں کے خدشات اور سوالات کیلئے نادرا کی جانب سے انٹرایکٹو سیشن کا اہتمام کیا جائیگا۔ پاکستان الیکشن کمیشن کے ساتھ اندراج شدہ تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کیلئے لکھے گئے خط میں چیئرمین نادرا طارق ملک نے سیشن میں حصہ لینے کیلئے نمائندوں کے نام مانگے ہیں تاکہ حتمی انتخابی فہرستوں کی تیاری اور نادرا کا اس حوالے سے کردار پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔

خط میں انتخابی عمل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو اس عمل میں نادرا کے کردار کی وضاحت کیلئے ’’انتخابی فہرستوں پر اوپن ہائوس سیشن‘‘ میں مدعو کیا گیا ہے۔

چیئرمین نادرا نے اپنے خط میں لکھا کہ معیاری اور شفافیت پر مبنی انتخابی فہرستوں کی تیاری کے سلسلے میں نادرا تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو ایک پورے دن کیلئے سیشن کی دعوت دے رہا ہے۔

اس سیشن کے دوران نادرا تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز کی طرف سے اٹھائے گئے مخصوص سوالات اور خدشات کا بھی جواب دیگا۔

خط میں سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی مناسب تاریخ اور شرکاء کی فہرست بتائیں تاکہ نادرا انٹرایکٹو سیشن کے انعقاد کیلئے ضروری انتظامات کر سکے۔

خط کے مندرجات کے مطابق چیئرمین نادرا نے کہا ہے کہ نادرا کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی تیاری کیلئے 2011ء سے الیکشن کمیشن کی مدد کرتا چلا آ رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور نادرا کے درمیان تعاون کے پیچھے بنیادی تصور ’’ایک شناخت ایک ووٹ‘‘ کی بنیاد پر انتخابی فہرستوں کی تیاری کو یقینی بنانا ہے جس میں کم سے کم شمولیت اور اخراج کی غلطیاں ہوں۔ انہی انتخابی فہرستوں پر اب تک منعقدہ عام انتخابات بلدیاتی انتخابات اور ضمنی انتخابات کرائے جاتے رہے ہیں۔