ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی چوتھی پوزیشن، آسٹریلیا نمبر ون

July 05, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو دس وکٹ سے شکست دی اور پاکستانی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئی۔ آسٹریلیا نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اب بھی اپنے بقیہ 7 میں سے 5 میچز جیت کر ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل تک رسائی کا موقع پا سکتی ہے۔پاکستان ٹیم کی اگلی سیریز رواں ماہ سری لنکا میں ہے جہاں دونوں میچز میں کمزور میزبان ٹیم پر ہاتھ صاف کرنے کا سنہری موقع میسر آئے گا۔ پاکستان کو ہوم گراؤنڈز پر انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں جبکہ ہوم سیریز میں 2 ٹیسٹ نیوزی لینڈ سے بھی ہوں گے۔ نئی پوزیشن کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم پہلے، جنوبی افریقا دوسرے، بھارت تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ سری لنکا پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔