کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر اور سابق ورلڈ چیمپئن انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، جس کے بعد انہوں نے کیس کے دفاع کے لیے لیگل ایڈوائزر کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق چین میں منعقدہ ایشین بیچ گیمز کے دوران انعام بٹ کا سیمپل لیا گیا تھا، جس میں ممنوعہ دوا کی انتہائی کم مقدار سامنے آئی۔ ریسلر کے مطابق انہوں نے یہ دوا اپنی بینائی کے علاج کے لیے استعمال کی تھی، تاہم ٹیسٹ سے قبل اس کے متعلق آگاہ نہ کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کا امکان موجود ہے۔ انعام بٹ نے واضح کیا ہے کہ وہ بی سیمپل کی جانچ کے لیے نہیں جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر اس معاملے کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں چیلنج کریں گے۔انعام بٹ کا کہنا ہے کہ استعمال کی جانے والی دوا کا مقصد جسمانی قوت بڑھانا نہیں تھا، آنکھوں کا علاج کروا رہے تھے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ، اسکین اور ڈاکٹر کے نسخے کی مکمل تفصیلات واڈا کو بھیج دی ہیں اور ایک ہفتے کے اندر دیگر ضروری قانونی دستاویزات اور وضاحتیں بھی جمع کرا دیں گے۔