تحریک انصاف نے کراچی کے حلقہ این اے 245 کے لیے محمود مولوی کو امیدوار نامزد کر دیا

July 05, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف نے کراچی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لیے محمود مولوی کو امیدوار نامزد کر دیاہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے صوبائی صدر علی زیدی نے اعلان کیا کہ این اے 245 سے محمود مولوی پی ٹی آئی امیدوار ہوں گے وہ پی ٹی آئی میں برسوں سے سرگرم ہیں انہوں نے بڑی کرپشن پکڑنے اور روکنے میں بہت مدد کی ہے پورٹ اینڈ شپنگ میں کرپشن پکڑنے میں کافی مدد کی۔علی زیدی نے کہا کہ این اے 240 میں لڑائی جھگڑا ہوتا رہا پتہ ہی نہیں چلا کہ کیا ہو رہا ہے اب این اے 245 میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ سے پتہ چلے گا پی ٹی آئی کتنی بڑی جماعت ہے۔این اے 245ضمنی الیکشن کے لئے پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی ہونگے انکی انتخابی مہم انچارج عمران اسمعیل ہونگے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن فیز ون میں جو تماشہ ہوا اسے ہم نے باربار سامنے رکھا، اب پھر دوسر فیز الیکشن کیلئے من پسند پولیس آفیسرز کے تبادلے ہورہے ہیں ،این اے 245میں الیکشن ہونے جارہا ہے تو یہاں پندرہ دن قبل آر او تبدیل کرکے خیرہور سے لایا جارہا ہے ،پنجاب میں ٹرانسپورٹ پر پابندی الیکشن سے قبل لگائی گئی تو سندھ میں کیوں ٹرانسفر پورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سندھ کی جماعت بن کر رہ گئی ہے جبکہ ایم کیوایم بھی کراچی کےاندرکی جماعت بن کررہ گئی ہے۔