دانہ سرحادثے میں ہم اپنےمستقبل کےنوجوانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اے این پی

July 05, 2022

کوئٹہ ( پ ر ) اے این پی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر نے کچلاک اور نواں کلی کوئٹہ میں گزشتہ روز دانہ سر کے مقام پر بس حادثے میں شہید ہونے والے طلبا کے گھر جا کر تعزیت کی ۔ اسکے علاوہ ایک بیان میں رشید خان ناصر نے کہا کہ ہمارے ملک میں اس طرح کے دردناک واقعات کی ذمہ دار حکومت سڑکوں سے متعلق ڈیپارٹمنٹس سول انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ مالکان ہیں اور یہ سب ایک بناے گئے قانون جس میں عام سواری کو تحفظ حاصل ہے پر عمل درآمد کرنے سے قاصر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان سب کے قانون پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے اس ملک کے غریب اور لاچار عوام ہمیشہ ایسے دردناک سانحات کا سامنا کرتے چلے آ رہے ہیں دانہ سر کے حادثے میں ہم اپنے مستقبل کے قیمتی نوجوانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، بہترین سڑکیں معیاری بس سروس ان پر چیک بیلنس رکھنا حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ جن سے حکومت اور انتظامیہ غافل ہے اور ٹرانسپورٹ مالکان پیسے بٹورنے کے چکر میں تمام غیر قانونی حربے استعمال کر رہے ہیں جس کے سبب حادثات روز کا معمول بن گئے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس دردناک سانحے میں شہید ہوئے والے افراد کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا جائے تاکہ حکومت کے مالی امداد سے ان متاثرہ خاندانوں میں ایک اور نوجوان پروفیشنل ڈگری کے حصول کیلئے کامیابی حاصل کرسکے۔