عوام شہر کو تباہ و برباد کرنے والوں کو مسترد کردیں، حافظ نعیم

August 08, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اہل کراچی اپنی حق تلفی، شہر کی ابتر حالت اور عوامی مسائل کو اپنا مقدر سمجھنے اور قبول کرنے کے بجائے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اپنا حق لینے کے لیے اُٹھیں، جماعت اسلامی کی”حق دو کراچی تحریک“ کا حصہ بنیں،عوام شہر کو تباہ و برباد کرنے والوں کو مسترد کردیں اور 28اگست کو ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے میئر کو کامیاب بنائیں، ووٹر لسٹوں میں بڑے گھپلے اور خرابیاں پیدا کی گئی ہیں اس لیے جس ووٹر کا ووٹ جہاں بھی ہو وہ ترازو پر مہر لگائے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع شمالی میں بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں لاسی گوٹھ، احسن آباد، فقیرا گوٹھ اور گلشن معمار کے دوروں میں متعدد مقامات پر کارنر میٹنگز اور سبیل چوک پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،حافظ نعیم لاسی گوٹھ میں حالیہ بارشوں کے دورا ن نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے پندر ہ سالہ بچے کے گھر بھی گئے اور غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت کیا اظہار کیا،اپنے دورہ میں حافظ نعیم الرحمن ٰنے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور اس کے ماتحت بلدیہ کی نا اہلی و ناقص کارکردگی نے پورے شہر کوکھنڈر بنا دیا ہے،کے الیکٹرک کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، وفاقی حکومت اور نیپرا عوام کو ریلیف دلوانے کے بجائے کے الیکٹرک کی سہولت کار بنی ہوئی ہیں۔