کراچی (نیوز ڈیسک)معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی پی ایس 106کے رہنما عثمان غنی ہنگورو نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی جانب سے بلڈ ڈونیشن جیسی مثبت سرگرمیاں قابل ستائش ہیں، بلڈ ڈونرز گروپ آف سوسائٹیز کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کی مہم چلانا انسانیت کی عظیم خدمت ہے،لیاری سے پی ٹی آئی کے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی سجاد سومرو نے لیاری بھر میں بی جی ڈی ایس کیساتھ مل کر بلڈ کیمپس لگانے کا اعلان کردیا ہے، ان خیالا ت کا اظہار دونوں رہنماؤں نے بی ڈی جی ایس کی جانب سے بھیم پورہ میں آگریاکچھی مسلم جماعت خانے کے تعاون سے لگائے گئے بلڈ کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا۔کیمپ میں 100کے قریب نوجوانوں نے خون کے عطیات جمع کروائے ۔ عثمان ہنگورو نے خون کے عطیات دینے والے نوجوانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ نوجوانوں کی جانب سے انسانیت کی خدمت کا عظیم کارنامہ سرانجام دیا جارہا ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ کیمپ میں آل گھانچی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اعظم گھانچی اور بانی بلڈ ڈونرز گروپ آف سوسائٹیز فیصل میمن نے بھی شرکت کی۔