• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں پانی کا بدترین بحران، مختلف علاقوں میں 9 دن سے فراہمی بند

کراچی(آئی این پی /سٹاف رپورٹر) کراچی میں پانی کا بحران ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا، شہر کے مختلف علاقوں میں 9دن سے پانی کی فراہمی بند ہے، کراچی میں پانی کا بحران بدترین شکل اختیار کرگیا، بیشتر علاقوں میں 25اپریل سے پانی کی فراہمی بند ہے جبکہ 27اپریل کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن نے تو پانی کا نظام ہی درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے، بریک ڈان کی وجہ سے 3 مرکزی لائنیں پھٹ گئی تھیں جس میں سے دو لائنوں کا مرمتی کام مکمل کرلیا گیا لیکن لائن نمبر 2کا کام اب تک مکمل نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے کراچی کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہے، ان میں کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی اولڈ سٹی ایریا، محمود آباد، منظور کالونی، کورنگی کراسنگ، ڈیفنس کلفٹن، گارڈن ویسٹ، عثمان آباد سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے، شہر کا بڑا حصہ پانی سے محروم ہے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور مہنگے داموں پانی خرید کر اپنی ضروریات پوری کرر ہے ہیں ، شہر میں لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی بند ہے جبکہ سرکا ری ہائیڈرنٹس پر ایک دن بھی پانی بند نہیں ہوا جس کی وجہ سے شہریوں میں غم وغصہ پایا جا تا ہے جبکہ ترجمان واٹر کارپوریشن نے دعوی کیا ہے کہ شہر کو یومیہ 650ملین گیلن کے مقابلے میں 610ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے صرف 40 ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جا رہا، ترجمان واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بتایا کہ پی آر سی سی (PRCC) لائن کی مرمت کا کام کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے جس کے بعد شہر کے مختلف متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بتدریج بحال کر دی گئی ہے،ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق مرمتی کام مکمل ہوتے ہی کورنگی، ملیر، چنیسر، جناح، صدر، کلفٹن اور ڈی ایچ اے سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی سپلائی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے اور صورتحال میں مسلسل بہتری آ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی اہم تنصیبات متاثر ہوئیں، جس سے پانی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا تاہم اب صورتحال میں نمایاں بہتری آ چکی ہے اور سپلائی بتدریج بحال کر دی گئی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید