10 محرم الحرام‘117 جلوس برآمد ہونگے، 130 مجالس ہوں گی

August 09, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر ) سٹی پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر کی ہدایت پر ملتان پولیس کی جانب سے 10 محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔ محرم الحرام کے دوران ملتان ڈسٹرکٹ سے کل 117 جلوس برآمد ہوں گے جن میں سے 21 جلوس حساس نوعیت کے ہوں گے جبکہ مختلف مقامات پر 130 مجالس بھی منعقد ہوں گی ان مجالس میں 27 مجالس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ جن کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ملتان پولیس کے 4293 پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سٹی پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر کی ہدایت پر جوائنٹ ٹاسک ٹیم اور دیگر اداروں کی جانب سے تمام اہم مقامات، امام بارگاہوں کے قریب، جنرل بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن اور جلوس روٹس کے گردونواح میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ اسپیشل برانچ اور سنیفر ڈوگز کے ذریعے تمام مجالس اور جلوس سے پہلے علاقہ کی ٹیکنیکل سیوپینگ کرائی جائے گی۔ جلوس روٹس اور مجالس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے کنٹرول قائم کیا گیا ہے جہاں تمام مجالس اور جلوسوں کی 180 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔