محمد یوسف کو حیران کن صلاحیتوں کا حامل نو عمر کرکٹر مل گیا

August 11, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق کپتان محمد یوسف کی حیران کن بیٹنگ صلاحیت کے حامل نوعمر کرکٹر سے ملاقات ہوگئی۔ ٹویٹر پر دو دن قبل محمد یوسف نے بچے کی ویڈیو شیئر کی تھی اور بچے کا رابطہ نمبر مانگنے میں صارفین کی مدد طلب کی تھی۔ محمد یوسف نے بچے کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اسے ٹپس دے رہے ہیں ۔ پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ نے بچے کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں اپنے بچوں کو وہ چیزیں سکھانی ہیں کہ آگے چل کر وہ ہر فارمیٹ کھیل سکیں۔ بعد میں انہوں نے خود بھی بچے کو بیٹنگ کر کے دکھائی اور مزید طریقے سمجھائے۔ محمد یوسف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ بچے سے ملاقات ہوگئی ، چھوٹی سی عمر میں اس کی بیٹ اسپیڈ شاندار ہے۔