متنازع دو ایف آئی اے افسران کے تبادلوں کا حکم منسوخ

August 11, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے کے دو متنازع افسران کے تبادلوں پر ادارے میں چہ میگوئیاں اور ’’جنگ‘‘ میں خبر شائع ہونے کے بعد دونوں افسران کے تبادلوں کے نوٹیفکیشن منسوخ کردیئے گئے ہیں اور دونوں کو بطور او ایس ڈی اسلام آباد ہیڈکوارٹر میں ہی تعینات رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر انوسٹی گیٹر رضوان ارشد کے متعدد تبادلے ’’مختلف وجوہات‘‘ کی بناء پر ہوتے رہے۔ آخری تبادلہ اسلام آباد سے دوبارہ سائبر کرائم رپورٹ سیل فیصل آباد کیا گیا۔ مذکورہ افسر کو کچھ عرصہ قبل مبینہ کرپشن کے حوالے سے فیصل آباد سے لاہور اور پھر اسلام آباد ٹرانسفر کیا گیا تھا۔ اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوسٹی گیشن علی رضا گردیزی کا تبادلہ بھی پہلے لاہور، پھر اسلام آباد اور پھر گوجرانوالہ کردیا گیا جہاں سے کچھ ماہ قبل ان کو ٹرانسفر کیا گیا تھا۔ مذکورہ دونوں تبادلوں کے بعد ادارے میں چہ میگوئیاں اور اخبار میں خبر کی اشاعت کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم نے ان تبادلوں کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ واضح رہے کہ ان تبادلوں کا پہلا حکم نامہ بھی اے ڈی جی نے ہی جاری کیا تھا۔