شہباز گل آغاز نہیں‘ اداروں کیخلاف 4 ماہ سے جاری مہم کا تسلسل ہے‘ سعید غنی

August 11, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ شہباز گل آغاز نہیں بلکہ وہ گزشتہ 4ماہ سے عمران نیازی کی جانب سے اداروں کے خلاف جاری مہم کا تسلسل ہے۔ شہباز گل نے جو کچھ کہا ہے وہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کہا گیا ہے اور اس کی اعلیٰ سطح پر انکوائری ہونی چاہئے۔ اظہار رائے کی آزادی کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ تمام آئینی اور قانونی حدود کو تجاوز کیا جائے، عمران نیازی اس ملک کے لئے سب سے بڑا سکیورٹی رسک بنے ہوئے ہیں وہ اور ان کے لوگ اپنے آپ کو آئین اور قانون سے ماروا سمجھ رہے ہیں۔ کوئی فوجی جنرل آج بھی اگر سیاست میں مداخلت کرے گا تو ہم اس کو برا بھلا کہیں گے جیسے کہ ماضی میں ضیاءالحق اور مشرف کو کہا گیا ہے کیونکہ انہوں نے آئین اور قانون سے بالاتر ہوکر اس ملک میں آمرانہ نظام قائم کیا تھا۔ البتہ موجودہ فوجی قیادت تو خود کہہ رہی ہے کہ وہ سیاست میں کسی صورت مداخلت نہیں چاہتی۔ عمران نیازی کو اسرائیلی اور بھارتیوں نے اگر فنڈز دیئے ہیں تو اسے کوئی ٹاسک بھی دیا ہوگا اور وہ ٹاسک اس ملک کے اداروں، معاشرے، سیاست اور نئی نسل کو تباہ کرنے کا ہے۔ اے آر وائی کے حماد یوسف کے خلاف اگر کوئی قانونی لنک نہیں ہوا تو اس کے خلاف کارروائی نہیں ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی افتخار اور شاہدہ رحمانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ شہباز گل نے جو ایک نجی چینل پر بات کی وہ واضح طور پر فوج کو بغاوت کی جانب منبدول کرانے کی باتیں تھی اور ان کی جرآت اس لئے ہوئی کہ ماضی میں جس طرح سیاسی جماعتوں کے ساتھ جو رویہ رکھا جاتا رہا ہے اس کا ایک فیصد بھی ان کے ساتھ نہیں رکھا گیا ہے۔