نوجوانوں اور تعلیمی اداروں میں کتب بینی کا فروغ بہت ضروری، شاہیرہ شاہد

August 11, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)انفارمیشن سروس اکیڈمی اور ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنزوزارت اطلاعات کے زیراہتمام بدھ کو ڈائمنڈ جوبلی ادبی کتاب میلہ منعقد کیا گیا جسے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد باالخصوص نوجوانوں، میڈیا ، سینئر حکام اور سماجی و ادبی حلقوں کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات شاہیرہ شاہد نے اس موقع پر ایک روزہ نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالوں کا دورہ کیا۔ پاکستان کی تاریخ ، ثقافت، کھیل، سیاحت اور ادب سے متعلق دو ہزار سے زائد کتب نمائش کیلئے رکھی گئی تھیں ۔ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنزوزارت نے بھی اپنی تازہ ترین مطبوعات اور ڈیجیٹل تصاویری مجموعوں کا خصوصی سٹال لگایا۔ ڈائریکٹوریٹ نے یوم آزادی کی مناسبت سے تیار کی گئی دستاویزی فلمیں اور قومی نغمے بھی دکھائے۔ اس موقع پرشاہیرہ شاہد نے کہا کہ کتاب میلہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا حصہ ہے، نوجوانوں اور تعلیمی اداروں میں کتب بینی کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستا ن کی 75ویں سالگرہ منانے کاسلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔