• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل میمن نے موسمیات فلائی اوور کا افتتاح کر دیا

کراچی (اسٹاف رپوٹر)سندھ کے سینئر وزیرو صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن، بی آر ٹی منصوبے کے اہم حصے موسمیات فلائی اوور کا افتتاح کر دیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ موسمیات فلائی اوور کا آج افتتاح کر دیا گیا ہے، یہ فلائی اوور ،ریڈ لائن کا ایک اہم حصہ ہے جسے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے، پروٹوکول مکمل ہونے کے بعد فلائی اوور کو دو روز میں عوام کے لئے بھی کھول دیا جائے گا۔  اس موقع پر وزیر محنت سعید غنی اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد بھی ان کے ساتھ تھے۔ افتتاح سے قبل سینئر وزیر نے ریڈ لائن کوریڈور کا دورہ کیا، جہاں متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے پر جاری کام اور پیش رفت کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔سینئر وزیرو صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ تعمیراتی معاہدے 2سال کے لئے کئے گئے تھے، تاہم اس دوران ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا، پہلے ڈالر کی قیمت بڑھی ،پھر سیمنٹ کے نرخ میں اضافہ ہوا اور اس کے بعد پیٹرول کی قیمتیں بھی بڑھیں، لیکن مہنگائی اور بڑھتی ہوئی لاگت کے باوجود منصوبے پر کام جاری رکھا گیا، حکومت نے متعلقہ اداروں کے ساتھ معاہدے کئے اور تمام امور باہمی مشاورت سے آگے بڑھائے، ہماری پوری ٹیم نے ریڈ لائن کی تکمیل کے لئے بھرپور محنت کی اور جس رفتار سے اس پر کام مکمل کیا گیا، اس پر مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، یونیورسٹی روڈ پر عوام کو آمدورفت میں جو مشکلات درپیش تھیں، وہ قریباً ختم ہو چکی ہیں اور یونیورسٹی روڈ کا کام بھی الحمدللہ قریباً مکمل ہو چکا ہے، منصوبے کا کام بھی جاری ہے، اسٹیشنز سمیت دیگر کام تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں، کراچی میں حکومت سندھ کا واضح عزم ہے کہ شہر کے ہر شعبے میں ترقیاتی کام کیے جائیں۔
اہم خبریں سے مزید