لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت اپنے تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ امن کا خواہاں ہے تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ نئی دہلی میں این ڈی ٹی وی ڈیفنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی مسلح افواج کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے لئے اپنی تیاری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت امن پر یقین رکھتا ہے، جنگ نہیں چاہتا، کسی دوسرے ملک کی سرزمین پر قبضہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور نہ ہی کسی کو دھمکی دینا چاہتا ہے، تاہم خاموشی اور کمزوری میں فرق ہے۔ بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا انہوں نے مزید کہا کہ بھارت بات چیت پر یقین رکھتا ہے، لیکن اگر کوئی ملک دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے تو بات چیت وہیں ختم ہوجاتی ہے۔ بھارت تعاون چاہتا ہے تاہم قومی مفاد کی قیمت پر نہیں۔