اقوام متحدہ/نیویارک(محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار )بھارت کا اقوام متحدہ میں تحریک انصاف کے بیانیے سے مشابہ مؤقف،جے شنکر اور پٹیل گیلہوٹ کا دہشتگردی، فارم 47 اور 27ویں ترمیم سمیت پاکستانی داخلی معاملات پر اظہار خیال ،کیا جے شنکر اور بھارتی سفارتکاروں نے تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے؟ پاکستانی حلقوں کے دلچسپ تبصرے، اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کی تقریر کے بعد اس وقت صورتِ حال بہت دلچسپ ہو گئی جب بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر اور بھارتی خاتون سفارتکار پٹیل گیلہوٹ نے جوابی تقریر کرتے ہوئے تقریباً وہی موقف اختیار کیا جو پاکستان میں پاکستان کے داخلی حالات کے بارے تحریکِ انصاف نے اختیار کر رکھا ہے اس پر عالمی ادارے کی راہداریوں میں موجود بعض پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ کیا جے شنکر اور بھارتی سفارتکاروں نے تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے؟ تفصیل اس طرح ہے کہ ہفتے کی شام جب بھارتی وزیرِ خارجہ نے جنرل اسمبلی میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی تقریر کا جواب دینے کی کوشش کی تو انہیں پاکستان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کا نام لینے کی ہمت نہیں پڑی۔ تاہم انہوں نے پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کی جس کا کوئی وجود نہیں تھا۔انہوں نے وزیرِ اعظم پاکستان کی طرف سے بھارت کے بارے میں جو کچھ کہا گیا تھا اس پرکوئی جواب نہیں دیا بلکہ اس کی بجائے پاکستان پر دہشت گردی جیسے الزامات عائد کرنا شروع کر دیے۔