ٹی وی چینلز ریاستی اداروں کیخلاف ڈس انفارمیشن پھیلانے سے گریز کریں‘ پیمرا

August 11, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینلز کو تنبیہ کی ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا، غلط معلومات اور ڈس انفارمیشن سے گریز کیا جائے۔ پیمرا کی جانب سے جاری ہدایات کےمطابق تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینل، خصوصاً نیوز اور کرنٹ افیئر کے پروگراموں کے حوالے سے تنبیہ کی گئی ہے کہ ٹی وی چینلز اپنے پروگراموں میں ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈا، غلط اطلاعات اور ڈس انفارمیشن پھیلانے سے گریز کریں۔ پیمرا کے مطابق یہ ہدایات قبل ازیں اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کا تسلسل ہیں تاکہ ریاستی اداروں کے حوالے سے پراپیگنڈا اور غلط معلومات سمیت ڈس انفارمیشن سے گریز کیا جائے۔ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ ٹی وی چینلز پر یہ ٹرینڈ دیکھا جارہا ہے کہ ان کے نیوز/ پروگرام اینکرز، مہمان/ تجزیہ کار وغیرہ غلط معلومات اور ڈس انفارمیشن پھیلا رہے ہیں ریاست کے اداروں کے خلاف غلط معلومات پراپیگنڈا یا ڈس انفارمیشن بلاتحقیق پھیلائی جارہی ہے۔ ٹی وی چینلز کا یہ رجحان ریاست کے اداروں کے خلاف ناصرف قومی اداروں کی توہین ہے بلکہ ایک منظم پراپیگنڈا کے تحت ریاستی اداروں کیخلاف منظم مہم شروع کی گئی ہے۔ پیمرا نے اس طرح کے مواد کو نشر کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی پر پیمرا کے الیکٹرانک (میڈیا پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹ) کے کوڈ آف کنڈکٹ 2015اور اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے وضع کردہ اصولوں کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ آئین کے آرٹیکل 19کے تحت ہر شہری کو اظہار رائے کا حق حاصل ہے تاہم یہ حق قانون میں دیئے گئے طریقہ کار اور پابندیوں کے تحت حاصل ہوتا ہے۔ کیونکہ اسلامی تاریخ یا قومی سالمیت، پاکستان کا دفاع اور سلامتی، غیرملکی ریاستوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات، پبلک آرڈر، اخلاق و ضوابط، یا عدالت کے فیصلوں سمیت دیگر کسی موضوع پر گفتگو قانون کے وضع کردہ دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے ہی کی جاسکتی ہے ۔ پیمرا نے تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے لائسنس کے حصول کے حوالے سے قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کیس نمبر 28، 2018کے تحت پاس کئے گئے آرڈر اور اسلام آباد ہائیکورٹ کی 25نومبر 2019ء کے کریمنل اوریجنل نمبر270/2019میں کئے گئے فیصلے کے تحت اور پیمرا کے قوانین بشمول پیمرا آرڈیننس 2002ء کے سیکشن20(F) جس میں پیمرا ترمیمی ایکٹ 2007 کے تحت تبدیلیاں کی گئی ہیں، ٹی وی چینلز اپنی نشریات کے دوران ان قوانین اور اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ پیمرا نے تمام لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشریات میں تاخیر کے موثر نظام پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں اور اپنے نشریاتی پلیٹ فارم کو ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈا غلط معلومات اور ڈس انفارمیشن پھیلانے سے بچائو کے لئے غیرجانبدار اور خود مختار ایڈیٹوریل بورڈ بھی تشکیل دیں۔ پیمرا نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002کے سیکشن 27،29،30اور 33جن میں 2007 میں پیمرا ترمیمی ایکٹ کے تحت ترامیم کی گئی تھیں، اس کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔