سکولوں کی تالہ بندی ، تعطیلات کے بعدتعلیمی سرگرمیاں شروع نہ ہو سکیں

August 11, 2022

راولپنڈی ( ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) ضلع راولپنڈی میں اساتذہ کرام کی طرف سے سکولوں کی تالہ بندی کی وجہ سے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیاں شروع نہ ہو سکیں۔ چند روز سکول کھلنے کے بعد سکولوں کے اساتذہ نے نئے سی ای او کی تعنیاتی کے خلاف تحریک شروع کر دی اور اساتذہ پر تشدد کے بعد گرفتاریوں کی وجہ سے تالہ بندی شروع ہو گئی۔حکومتی سطع پر اور خود اساتذہ کی طرف سے بھی تعلیمی نقصان کے حوالے سے بھی بے حسی کا مظاہرہ ہو رہا ہے ۔ اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ گرفتار اساتذہ کو رہا اور سی ای او کو تبدیل کیا جائے ۔ دونوں مطالبات کا پورا ہونا مشکل نظر آرہا ہے جبکہ دوسری طرف بچوں کا جو تعلیمی نقصان ہو رہا ہے اس کے حوالے سے دونوں طرف سے بے حسی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ اس وقت اساتذہ سمیت 19 افراد گرفتار ہیں۔ اساتذہ اپنے ساتھیو ں کو تالہ بندی پر مجبور کر رہے ہیں مگرحکومت نے بھی سخت مؤقف اختیار کر رکھا ہے۔