نکاح پر نکاح، جرم ثابت ہونے پر خاتون کو 10 سال قید کی سزا و جرمانہ

August 12, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی جاوید احمد کیریو نے نکاح پر نکاح کے الزام میں جرم ثابت ہونے پر مسماۃ عظمیٰ کو دس سال قید کی سزا سنادی۔عدالت نے ملزمہ پر پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزمہ کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ فاضل عدالت نے دفعہ 494کے تحت ملزمہ کو سات سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنادی۔ عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزمہ کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ دونوں سزائیں ساتھ چلیں گی۔مدعی مقدمہ سید شجاعت علی کے مطابق اس نے مسماۃ عظمیٰ سے 2013میں کورٹ میرج کی تھی۔ اس کی بیوی کی دوست شمائلہ کینیڈا سے پاکستان آئی ۔اس کی بیوی نے کہا کہ وہ جاب کے لیے کینیڈا جارہی ہے۔مدعی نے سختی سے منع کیا۔اسی دن اس کی بیوی نے بڑی رقم اور طلائی زیورات کے ہمراہ اس کا گھر چھوڑ دیا۔اس کی بیوی نے اسے فون کیا اور بتایا کہ وہ آصف نامی شخص سے شادی کررہی ہےاور ملک چھوڑ رہی ہے۔ملزمہ کے خلاف تھانہ یوسف پلازہ میں زیر دفعات 420/494/495مقدمہ درج ہے۔