PTI کا لیگی رہنماؤں کیخلاف مقدمات کی کارروائی تیز کرنے پر غور

August 12, 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز)پاکستان تحریک انصاف مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات پر کارروائی تیز کرنے پر غور کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کے اجلاس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، سینیٹر اعجاز چوہدری اور میاں اسلم اقبال سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی،کل کے جلسے پر بریفنگ بھی دی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں 13 اگست کے لاہور جلسے کے حوالے سے عمران خان کو بریفنگ دی گئی اور تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ن لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف درج مقدمات پر کارروائی تیز کرنے پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پراسیکیوشن تیزی سے کام کرےگا، ن لیگی رہنماؤں کی ضمانتیں خارج کرنے کے لیے اقدامات کرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ اداروں اور عدلیہ پر ن لیگی رہنماؤں کے بیانات کو صرف نظر کرنا باعث تشویش ہے۔