اسپتال کے 50لاکھ چھیننے والے ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگ سکا

August 12, 2022

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)48گھنٹے گزرنے کے باوجود کیپٹل پولیس ایف ٹین مرکز میں واقع نجی ہسپتال کے عملے سے اسلحہ کی نوک پر 50لاکھ روپے چھین کر لے جانیوالے موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ پولیس نے ہسپتال کے منیجر اکائونٹس اینڈ فنانس سبحان علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا‘ تفتیشی ٹیم نے رقم لیکر جانیوالے اسسٹنٹ منیجر اکائونٹس فہد منصور ہاشمی اور سکیورٹی گارڈ ارشد خان کا بھی بیان قلمبند کر لیا تھا جن کے مطابق ملزم شلوار قمیص میں ملبوس تھے‘ دونوں کے قد ساڑھے پانچ فٹ کے قریب اور وہ پنجابی بول رہے تھے۔ اسسٹنٹ منیجر کے مطابق عسکری بینک کی طرف جاتے ہوئے راستے میں پہلے سے موجود مسلح ملزمان نے اسلحہ تان لیا اور اُن سے 49لاکھ 51ہزار 820روپے سے بھرا بیگ چھین کر موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی ہیں اور جدید ٹیکنالوجی سے بھی مصروف تفتیش ہے۔ پولیس گھر کے بھیدی پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پولیس جلد ڈاکوئوں کو بے نقاب کرنے میں کامیاب ہو جائیگی۔