چارہزار کے بل پر آٹھ ہزار ٹیکس زیادتی ہے،میاں اسلم

August 13, 2022

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)گھریلو صارفین کے بجلی کے بلوں میں درجن بھر ٹیکس شامل کرنے اور آئی ایم ایف کے حکم پر ٹیرف میں غیر معمولی اضافہ کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر تر نول میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا نے کی ۔ مظاہرین نے مین جی ٹی روڈ پر دھر نا دیا ۔ بعد ازاں اسلام آباد انتظامیہ کے مجسٹریٹ علی جاوید نے یقین دہانی کروائی کے 15اگست کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئیسکو انتظامیہ سے اس حوالے سے بات کی جا ئے گی۔قبل ازیں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا حکمران عوام سے بجلی کی اصل قیمت وصول کریں نہ کہ چارہزار کے بل پر آٹھ ہزار ٹیکسوں کی مد میں بھیج دیئے جائیں۔نصر اللہ رندھاوا نے کہا ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کر تے ہیں کہ وہ بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف سوموٹو نوٹس لیں ۔