تشدد، کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں ملوث 19افراد کی ضمانت

August 13, 2022

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)مجسٹریٹ درجہ اول وڈیوٹی جج نوید اختر نے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی کے سابق چیف ایگزیکٹو افسر پر تشدد کرنے، کار سرکار میں مداخلت اور 70ہزار روپے چھیننے سمیت دیگر الزامات میں ملوث 19 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔تھانہ سٹی کی پولیس نے ان گرفتار ملزمان ہیڈماسٹر نبیل نقوی، راجہ نوید، راجہ ظہیر، اخیان گل طاہر، جاوید انجم، چوہدری ساجد، راجہ عجائب، نفیس، صدارت شاہ، قیصر مجید، شمریز اقبال، سکندر ستی، شبیر اعوان، ندیم عباس سہیل، حماد شاہ، ظریف اور دیگر کیخلاف چار اگست کو سابق سی ای او اعظم کاشف کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا جس میں پنجاب ٹیچرز یونین کے راجہ شاہد مبارک اور ایپکا کے ڈویژنل صدر سمیت 32 اساتذہ اور کلرک نامزد کئے گئے تھے۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے حکم پر بطور سی ای او چارج لینے کے لئے اپنے دفتر واقع لیاقت باغ پہنچا تو مذکورہ افراد نے مجھ پر حملہ کیا بعض ملزم مسلح بھی تھے ۔ بعد ازاں ماتحت افسران نے مجھے ملزمان کے چنگل سے چھڑایا جس کے بعد ملزم فرار ہوگئے۔