متعدد فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے، 2 ہزار 550 کلو مضر صحت مینگو پلپ تلف

August 13, 2022

ملتان ،کبیروالا (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نےملتان ڈویژن میں صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد ریسٹورنٹس، پاپڑ فیکٹریز، بیوریجز پلانٹس اور فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی، اس دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے کئے گئے،دوران چیکنگ 20کلو حشرات زدہ محلول، 8کلو غیر معیاری اجزاء، 46لٹر ملاوٹی سوڈا واٹر تلف کردیا گیا،ملتان میں معروف ریسٹورنٹ کو کچن ایریا میں حشرات کی بھرمار، فریزر میں خوراک کی نامناسب سٹوریج 15 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، اسی طرح ملتان میں پاپڑ فیکٹری کو تیارشدہ محلول میں مکھیاں پائے جانے پر 30 ہزار، 2 بیکریز کو خوراک میں کھلے رنگ، ناقابل سراغ اجزاء کے استعمال، صاف پانی کا استعمال نہ کرنے، خوراک کی زمین پر سٹوریج ہونے پر 20، 20 ہزار روپے ،وہاڑی میں سوڈا واٹر پلانٹ کو مشروبات کی تیاری میں کھلے رنگ اور ایکسپائرڈ فلیورز کی ملاوٹ کرنے پر بھاری جرمانہ کیا گیا، کارروائی کے دوران 46 لٹر غیر معیاری سوڈا واٹر تلف کردیا گیا،کبیروالا سےنامہ نگار کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہراجاں والا کھوہ اور ماہنی سیال کبیروالا میں جوس پلانٹس پر چھاپے مار کر 2ہزار 550کلو پھپھوندی زدہ، بدبودار مینگو پلپ تلف کردیا گیا، جوس فیکٹریوں کو ایک لاکھ 55 ہزار روپے کے جرمانہ کردیا گیا۔