”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کا تہلکہ خیز ٹریلر ریلیز، ہر طرف دھوم مچادی

August 14, 2022

کراچی (جنگ نیوز) اگر آپ فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان اور عمیمہ ملک کو بڑی اسکرین پر نئے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ کا انتظار بہت جلد ختم ہونے والا ہے۔ ایپک ایکشن فلم ”دی لیجنڈ آف مولاجٹ“ کا پہلا تہلکہ خیز آفیشل ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جو کسی کو بھی مسحور کردینے کیلئے کافی ہے۔ اس فلم کے ہدایتکار پاکستانی فلم ”وار“ سے شہرت حاصل کرنے والے ڈائریکٹر بلال لاشاری ہیں جو اس میگا پروجیکٹ پر کئی برس سے کام کررہے تھے۔ اُنہوں نے اس فلم کو پروڈیوسر عمارہ حکمت کے ساتھ لاشاری فلمز، انسائیکلو میڈیا اور ٹرپل اے موشن پکچرز کے بینر تلے تخلیق کیا ہے۔ عالمی معیار کی فلم کے جاندار مکالمے ناصر ادیب نے تحریر کئے ہیں۔ جاندار ٹریلر کی پہلی جھلک دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فلم ایکشن اور ایڈونچر سے بھر پور ہے۔ ٹریلر میں ایکشن کے ساتھ رومانس کا تڑکا بھی بھر پور نظر آرہا ہے۔ پاکستان کی مہنگی ترین فلم”جیوفلمز“ کے ساتھ اشتراک سے 13 اکتوبر کو ملک اور بیرون ملک ایک ساتھ ریلیز ہوگی۔ مقامی طور پر اس فلم کو پاکستانی سنیما گھروں میں اپنی خدمات کیلئے مشہور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ندیم مانڈوی والا جبکہ بین الاقوامی سطح پر یہ فلم مووی گوورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے ڈسٹری بیوٹ کی جائے گی۔ فلم کی کہانی میں جان ڈالنے کیلئے شوبز انڈسٹری کے سپر ہٹ آرٹسٹوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں اپنی اداکاری کے جھنڈے گاڑھنے والے شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار فواد خان اس فلم میں مولا جٹ جبکہ حمزہ علی عباسی نوری نتھ کے مرکزی رول میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ماہرہ خان، عمیمہ ملک، گوہر رشید، فارس شفیع، علی عظمت، شفقت چیمہ، نیئر اعجاز اور دیگر سپر اسٹار اداکار بھی اس فلم کے ذریعے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔