خطیر رقم سے لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کے مقاصد کیا ہیں ؟

August 14, 2022

اسلام آباد( جائزہ رپورٹ/ فاروق اقدس) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے امریکہ میں ایک لابنگ فرم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں گو گہ سابق وزراء مصر ہیں کہ یہ لابسٹ فرم نہیں بلکہ ایک میڈیا ریلیشن شپ فرم ہے جس کا کام میڈیا اور پارٹی کےدرمیان رشتہ استوار کرنا ہے ، سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر تحریک انصاف کو امریکہ میں خطیر معاوضے کے طور پر خدمات حاصل کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی کیونکہ قیادت سمیت سابق وزراء یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ بیرون ممالک بالخصوص امریکہ اور برطانیہ میں تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو اپنا سیاسی وجود پوری توانائیوں کیساتھ رکھتی ہے اور موجودہ حکومت اور اس میں شامل جماعتوں کو بھی یہ خطرہ لاحق ہے تاہم اس حوالے سے اب بیرون ممالک بالخصوص امریکہ سے بعض مختلف حقائق سامنے آرہے ہیں ،اپریل میں جب پی ٹی آئی حکومت کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے رخصت کیا گیاتو اپنی حکومت کے خاتمے کی ذمہ داری عمران خان نے امریکی سازش کو قرار دیا اور عوامی اجتماعات میں ایک کاغذ لہراتے ہوئے لوگوں کو یقین دلانے کی کوشش کی کہ امریکہ نےعوام کو محکوم بنانےکیلئے میری حکومت گرائی ہے جس پر امریکی حکومت کی تشویش بجا تھی کہ پاکستان کے عوام کی مفروضے پر مبنی الزامات سے امریکہ کےبارے میں منفی ذہن سازی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، تحریک انصاف حکومت کے بعض فیصلوں اور اقدامات کے بارے میں امریکی حکومت اور تھنک ٹینکس کی اس سوچ میں مماثلت پائی گئی کہ پاکستان میں عوامی سطح پر امریکہ مخالف جذبات پیدا کرنا سابق وزیر اعظم اور اسکی حکومت کا انفرادی فیصلہ ہے جسے عوام اور نہ ہی پاکستان کے مقتدر حلقوں اور دیگر حکومتی اداروں کی حمایت حاصل ہے اس سوچ میں امریکی سفارتخانے کی رپورٹس کی تفصیلات بھی شامل ہیں جس کے بعد تحریک انصاف امریکہ مخالف سیاسی پارٹی کے طور پر دیکھی جارہی ہے اس بارے میں تحریک انصاف سے وابستگی رکھنے والے ایک سے زیادہ افراد نے عمران خان کو متوقع خدشات سے اضطراب کی کیفیات میں آگاہ کیا جس کے بعد باہمی مشاورت سے یہ طے پایا کہ لابنگ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں جس کا اصل مقصد پاکستان کیلئے کسی قسم کی لابی نہیں بلکہ امریکی انتظامیہ کے اندر پیدا ہونیوالے اس تاثر کو زائل کرنے کیلئے راہ ہموار کرنے کی کوششیں ہونگی جو عمران خان کے بیانیے کے باعث امریکی انتظامیہ میں پیدا ہوا ہے اس مقصد کیلئے25ہزار ڈالر کی رقم بھی ہر ماہ مذکورہ لابی کرنے والی فرم کو ادا کی جائیگی اور ابتدائی طور پر یہ معاہدہ6ماہ کیلئے ہوا ہے ان ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں امریکی سفیر کو مکمل سفارتی پروٹوکول ہی نہیں بلکہ حکومت کے وزراء کی جانب سے غیر معمولی انداز میں پذیرائی اور وہاں سفیر کے عمران خان سے رابطے کی خبریں بھی اس سلسلے کی کڑی ہیں ، اطلاعات کے مطابق عمران خان کے سابق وزراء اور رفقاء کی بھی ایک قابل ذکر تعداد امریکہ مخالف بیانیے کے حق میں نہیں ہے اور عمران خان کے خوشگوار موڈ میں انہیں اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں اور عمران خان امریکہ مخالف اپنے بیانیے پر ایک بڑا یوٹرن کب لیتے ہیں ممکنہ طور پر اس میں زیادہ تاخیر نہیں ہوگی تاہم اطلاعات کے مطابق اس مقصد کیلئے کسی موزوں وقت کے منتظر ہیں۔