ہر علاقے میں جا کر متاثرین کی ممکنہ دادرسی کریں گے، ڈاکٹرمشتاق مانگٹ

August 17, 2022

کوئٹہ(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئر نائب صدر ڈاکٹرمشتاق احمدمانگٹ نے کہا ہےکہ بلوچستان کو حالیہ بارشوں نے بہت زیادہ جانی ومالی نقصان پہنچایا ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومت ،قومی جماعتیں ،قومی میڈیا بحالی وریلیف کے کام کو اہمیت دیکر متاثرین کی دادرسی کریں ۔الخدمت فاؤنڈیشن روزاول سے تما م متاثرہ علاقوں میں ریلیف ورک ،بحالی ودیگر امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے ۔حالیہ تباہی وبربادی نے بلوچستان کو مزید پیچھے دھکیل دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے دورہ کوئٹہ کے دوران حکومتی عہدیداروں سے ملاقات سمیت اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر انجینئر جمیل احمدکرد ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے بارشوں سے شہید ہونے والوں کی مغفرت درجات کی بلندی اورپسماندگان کیلئے صبر جمیل کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرین کی غیبی مدد کیلئے دعاکرتے ہوئےکہاکہ متاثرہ تمام علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں،طبی کیمپس کی ضرورت ہے ،بعض متاثرہ علاقوں کے متاثرین آج بھی کھلے آسمان تلے امداد کے منتظرہیں ۔الخدمت فاؤنڈیشن تیارکھانے ،راشن ،ٹینٹ کی فراہمی کیساتھ علاج ومعالجے کیلئے طبی کیمپس لگارہی ہے ،ہماری پوری ٹیم متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہے انشاء اللہ ہر متاثرہ علاقے میں ہم جائیں گے اور متاثرین کی ممکنہ دادرسی کریں گے ۔دکھی انسانیت کی خدمت میں مخیر حضرات تاجر برادری اور حکومتی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مخیر حضرات اس پریشانی ومشکل میں پریشان حال عوام کے دکھ دردمیں شامل ہوکر ان کا ساتھ دیں اگر ہم ان کی مشکلات میں کمی کا سبب بنیں گے تو کل ہم سے اللہ رب العالمین یہ مشکلات دور کریں گے۔ انشاء اللہ متاثرین کی بحالی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔