جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی، اشتہاریوں سمیت40 ملزمان گرفتار

August 18, 2022

ملتان( سٹاف رپورٹر) پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اشتہاریوں سمیت 40افرادکو گرفتارکرکے مقدمات درج کرلیے، پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشی کے الزام میں مختلف ملزمان سے 50 لیٹر سے زائد شراب اور کئی گرام چرس برآمد کرلی جب کہ ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں مختلف ملزمان سے دو پسٹلز مع گولیاں برآمد کر لیں، جوا کھیلنے کے الزام میں پولیس نے جوئے پر لگے ہزاروں روپے برآمد کیے، دریں اثنا تیزرفتاری کے الزام میں پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا جب کہ پولیس نے دواشتہاریوں اور دوعدالتی مفروران کوبھی گرفتارکرلیا، پولیس نے مذکورہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کردی،دریں اثنا شہری سے دھوکہ دہی کرتے ہوئے جھوٹے مقدمہ کروانے کے لیے تھانہ میں درخواست گزارکرنے کے الزام میں پولیس نے 3 افرادکے خلاف مقدمہ درج کرلیا جب کہ قادرپورراں پولیس نے چھاپہ مارکر بدنام زمانہ منشیات فروش نیر عباس کو گرفتارکرلیا جس کے قبضے سے دوکلوچرس برآمد ہوئی، گرفتارملزم کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔