چڑیا گھر، غیرملکی ماہرین کی زیرنگرانی ہتھنی کے دانتوں کا منفرد آپریشن

August 18, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چڑیا گھر کی ہتھنی کے دانتوں کا کامیابی کے ساتھ آپریشن ، ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے گئے جانوروں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، چڑیا گھر کی ہتھنی کے دانتوں کی منفرد سرجری کے لئے غیر ملکی ماہرین کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، دوسری ہتھنی کے دانتوں کی سرجری آج ہوجائے گی، آپریشن کے بعد بھی ہتھنیوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے، یہ بات انہوں نے سینئر ڈائریکٹر ریکریشن رضا عباس رضوی کو ہدایات دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن گلوبل اینیمل ویلفیئر آرگنائزیشن فورپاز کے تعاون سے کرائے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے چڑیا گھر میں ہی ہتھنی کی رہائش گاہ پر سرجری کا انتظام کیا گیا ہے جس میں غیر ملکی ٹیم کے ساتھ کراچی چڑیا گھر کے ماہرین نے بھی حصہ لیا ہے، ہتھنی کا آپریشن کرنے والی ٹیم کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا گیا ہے اور انہیں تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس کی وجہ سے تمام کام تسلی بخش ہورہا ہے، ہتھنیوں کی عمر بالترتیب 16اور 17سال ہے جنہیں دانتوں میں انفکیشن کے مسئلے کا سامنا تھا اور وہ تکلیف میں مبتلا تھیں یہ اپنی نوعیت کا منفرد روٹ کینال ہے اس میں تاخیر نہیں کی جاسکتی تھی، ماہرین نے سرجری کے لئے جدید ترین طریقہ استعمال کیا گیا ہے جو روایتی طریقے کے مقابلے میں انتہائی بے ضرر ہے اور اس کے لئے خصوصی آلات بھی تیار کئے گئے ہیں، اس سرجری میں برلن جرمنی کے لیبنز انسٹیٹیوٹ فار زو وائلڈ لائٹ ریسرچ کے پروفیسر ڈاکٹر تھامس اور ڈاکٹر فرینک نے بھی شرکت کی ہے، آپریشن کے دوران ہتھنی کے دانتوں سے مردہ بافتوں کو ہٹا دیا گیا ہے اور جڑ کی نالی کو صاف کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی مقامی ماہرین کی ٹیم کو بتایا گیا ہے کہ کس طرح سوزش کو روکنے اور زخموں کی حفظان صحت کو برقرار رکھنے کے لئے علاج کے بعد باقاعدگی سے صفائی کرنی ہے، انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس آپریشن کے بعد ماہرین کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے اور ہتھنیوں کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ انہیں صحت مند اور توانا رکھا جاسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہاتھیوں کے علاوہ چڑیا گھر کے دیگر جانوروں کی صحت اور غذا پر بھی خصوصی نظر رکھی جارہی ہے اگر کہیں بھی کوئی مسئلہ ہوا تو بلاتاخیر ان کا علاج کیا جائے گا۔