بلوچستان سے مظفرگڑھ سپلائی ہونے والا بھاری اسلحہ برآمد، ملزم گرفتار

September 24, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)بلوچستان سے مظفرگڑھ سپلائی ہونے والا بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ کی پولیس نے پکڑلی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، ڈی ایس پی صدرسرکل مظفرگڑھ محمد رضوان خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مظفرگڑھ صدرسرکل کے تھانہ شاہ جمال کی پولیس نے دوران گشت موٹرسائیکل سوار مشکوک شخص کاشف ولد سلیم کا تعاقب کیا جس نے موٹرسائیکل پر ٹرنک لوڈ کررکھی تھا۔ملزم پولیس کو دیکھ کر موٹرسائیکل بھگانے لگا مگر سب انسپکٹر صابر حسین اور پولیس ٹیم نے ملزم کو پکڑ لیا۔تلاشی لینے پر ٹرنک سے آٹومیٹک کلاشنکوف،ایک 44بور رائفل،ایک بندوق،3 پستول،ایک شارٹ گن،میگزین،گولیاں، پنجہ، ٹرنک سمیت ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی۔ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ بلوچستان کے علاقے رکنی سے یہ اسلحہ خرید کر لاتا ہے۔ڈی ایس پی صدر نے بتایاکہ ملزم سے تفتیش جاری ہے، پولیس ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے جائینگے۔