انسانیت کی بھلائی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے، میمونہ مرتضیٰ ملک

September 26, 2022

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) یارکشائر ادبی فورم اور غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کی جانب سے مشاعرہ اورچیرٹی ڈنر کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں قونصل جنرل پاکستان ابرار حسین ،پاکستان کے نامور مزاحیہ شاعر خالد مسعود، معروف شاعر ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد اور معروف مذہبی سکالر میمونہ مرتضیٰ ملک نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر مذہبی سکالر میمونہ مرتضیٰ ملک نے اپنے خطاب میں قوموں کے زوال کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں اجتماعی توبہ کرتے ہوئے اپنی زندگی قرآن اور سنت کے مطابق گزارتے ہوئے انسانیت کی بھلائی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیرون ملک میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کا جذبہ ایثار مثالی ہے، پاکستان میں جب بھی قدرتی آفات سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا، انہوں نے ہمیشہ دل کھول کر مدد کی۔غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کےبانی صدرسید عامر محمود اور نصر اقبال نے اپنی تقریر میں بتایا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان کے دیہی علاقوں میں مفلس و نادار اور یتیموں کے لیے اب تک سیکڑوں اسکول تعمیر کر چکا ہے جن میں مستحق بچوں کو نہ صرف تعلیم دی جاتی ہے بلکہ انکی تمام ضروریات کا خیال بھی رکھا جاتا ہے۔ غزالی ایجوکیشن پاکستان کے دیہات میں تعلیم کا سب سےبڑا فلاحی ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ستر فیصد بچیاں ہائی ایجوکشن سے محض اس لیےمحروم ہیں کیونکہ ان کو تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں میں سفر کرنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہی تعلیم سے ہوتی ہے، اس ضمن میں ایک مکمل وڈیو ڈکومنٹری بھی دکھائی گئی، تقریب کے دوسرے حصے میں مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف شاعر اشتیاق میر ، یارکشائر ادبی فورم کی چیئرپرسن غزل انصاری ، وائس چئیرمین تسنیم حسن ،سمعیہ ناز کے علاوہ پاکستان سے آئے ہوئے مہمان شعرا امجد اسلام امجد نے اپنا کلام پیش کیا، مزاحیہ شاعر خالد مسعود نے اپنے کلام سے محفل کو زعفران کر دیا، لوگ ان کے چٹکلوں اور خوبصورت شاعری سے بے حد محظوظ ہوئے اور دل کھول کر داد دی، اس موقع پرفنڈ ریزنگ کی گئی اور فلاحی ادارے کے لیے خدمات سرانجام دینے والوں کو نصر اقبال اور فلاحی ادارے کےمنتظمین نے سرٹیفیکیٹ دیئے، پروگرام میں مرد اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔