نگلیریا، دنیا بھر میں کراچی سب سے زیادہ متاثر، وجہ ناقص پانی

September 28, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں پہلی مرتبہ جمیل الرحمٰن سینٹرفار جینوم ریسرچ جامعہ کراچی نے جامعہ کراچی کے شعبے بائیو کیمسٹری کے تعاون سے انسانی دماغ کھانے والے خطرناک امیبا نگلیریا فولیری کی جینو ٹائپنگ کی ہے، اس کے متاثرین میں موت کی شرح 98؍ فیصد ہے، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دنیامیں متاثرہ ملکوں میں پاکستان دوسرے درجے پر ہے جبکہ پاکستان میں کراچی سب سے زیادہ متاثرہ ہے جس کی اہم وجہ پانی سپلائی کا ناقص نظام ہے۔یہ بات بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے پیر کوبین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی میں غیر ملکی ماہرین سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے ماہرین کو بتایا کہ جمیل الرحمٰن سینٹرفار جینوم ریسرچ کے ڈاکٹر محمد اورنگزیب اور بائیو کیمسٹری شعبے کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس تحقیقی کام کو سرانجام دیا ہے، تحقیق کے لیے نمونے پرائمری ایمیبک میننگونسفلائٹس کے مرض سے متاثرہ28سالہ مریض کی ریڑھ کی ہڈی اوراُس کے گھر کے نل سے حاصل کیے گئے تھے۔